Wednesday, September 6, 2023

بچے کی شخصیت پر اثر انداز ہونے والے عوامل

 

بسم اللہ الرحمن الرحیم

بچے کی شخصیت پر اثر انداز ہونے والے عوامل

 

بچے کی شخصیت کیسے بنتی ہے؟ اگرچہ اردگرد کی دنیا کے بارے میں بچہ اپنے مشاہدے سے بہت کچھ سیکھتا ہے اور وہ دیکھتا ہے کہ اِنسان کس طرح سے معاملات چلاتا ہے۔ مثلاً بچہ دیکھتا ہے کہ اُس کے والدین صفائی اور پاکیزگی پر بہت حساس ہیں اور گھر میں نجاست اور گندگی پھیلنے نہیں دیتے۔ بچہ اس سے اچھا پیغام لیتا ہے۔ لیکن یہ اچھی باتیں اُس کی شخصیت کا ایک حصہ تشکیل دیتی ہے۔ شخصیت کا ایک بڑا حصہ وہ اُس رائے سے بناتا ہے جو والدین اور استاد اُس کے بارے میں رکھتے ہیں۔ کیوں کہ اُس کی نظر سب سے اہم رائے والدین اور استاد کی ہے۔

 

اب اگر کوئی آپ کے سامنے کہے کہ آپ کا بچہ شرمیلاہے، اِس میں خود اعتمادی نہیں، یہ صحیح بات نہیں کر سکتا، یہ ذہین نہیں ہے، یہ جلدی سیکھ نہیں سکتا، یہ دوسرے بچوں کے مقابلے میں کند ذہن ہے، اب اگر آپ نے بھی یہ بات قبول کر لی اور آپ کے بچے نے یہ سن لیا اور دیکھ لیا کہ اُس کے والدین بھی اُس کے بارے میں یہی رائے رکھتے ہیں تو نہ چاہتے ہوئے بھی وہ اِس قسم کا بنتا چلا جائے گا۔

 

ایسا کیوں ہوتا ہے؟ کیونکہ اُسے یہ احساس ہوتا ہے کہ اُس کے والدین کبھی غلط بات نہیں کر سکتے اور جو کچھ وہ کہہ رہے ہیں یقینا ایسا ہی ہوگا۔ اب اگر کوئی شخص آپ کے بچے پر کوئی لیبل لگائے تو فوراً وہیں اُس کے جواب میں اُس لیبل کو ختم کریں  کہ بچہ ایسا ہے۔ ممکن ہے بچے میں واقعا کوئی مسئلہ ہو لیکن اس بات کا بچوں کے سامنے اظہار کرنا اُنہیں مزید کمزور کر دیتا ہے۔اگر آپ کویقین ہے کہ آپ کا بچہ کمزور ہے، کند ذہن ہے، جلدی نہیں سیکھتا تو اُسے یہ سب بتانے یا دہرانے کی بالکل ضرورت نہیں۔

 

ہم جس قدر بچے کی جسمانی صحت کے بارے میں الرٹ رہتے ہیں ہمیں اپنے بچے کی ذہنی صحت کے بارے میں بھی اتنا ہی صحت مند رہنا ہوگا۔ ہمارے الفاظ، رویہ اور عمل بچے کی شخصیت پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ اِن کے انتخاب میں بہت احتیاط کریں تاکہ جسمانی اور ذہنی اعتبار سے ایک صحت مند بچے کی پرورش کر سکیں۔

No comments:

Post a Comment